لاہور: (ویب ڈیسک) غزہ میں ہسپتال پر اسرائیل کے فضائی حملے کیخلاف آواز اٹھانے میں مہذب دنیا کی طرح پاکستانی کرکٹرز بھی پیچھے نہ رہے۔
منگل کی شام کو اسرائیلی فوج نے غزہ میں ہسپتال پر بمباری کر کے علاج کیلئے موجود 500 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر دیا تھا، شہید ہونے والوں میں مریض، ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف شامل ہیں، اسرائیل کے وحشیانہ عمل کیخلاف دنیا بھر میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
غزہ پر تاریخ کے سب سے تباہ کن اور انسانیت سوز حملے نے دنیا بھر میں موجود ہر درد مند دل کو دہلا کر رکھ دیا ہے، مہذب دنیا کے تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اسرائیلی فوج کی بدترین دہشت گردی اور بھیانک جنگی جرم کی شدید مذمت کر رہے ہیں۔
— Shadab Khan (@76Shadabkhan) October 18, 2023
— Muhammad Nawaz (@mnawaz94) October 18, 2023
کھیلوں اور شوبز سے وابستہ نمایاں شخصیات کی جانب سے بھی اسرائیلی مظالم بند کرنے اور فلسطینیوں کا اجتماعی قتل عام روکنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، بھارت میں موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی قدم بڑھاتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان، محمد نواز، اسامہ میر، افتخار احمد، حارث رؤف اور سابق کرکٹر اظہر علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر فلسطین کے قومی پرچم کی تصاویر پوسٹ کر کے مظلوم فلسطینی عوام کیلئے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے۔
— Haris Rauf (@HarisRauf14) October 18, 2023
— Iftikhar Ahmad (@IftiMania) October 18, 2023
— Usama Mir (@iamusamamir) October 18, 2023
زمبابوے کے کرکٹر سکندر رضا نے بھی فلسطینیوں کی حمایت میں سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کی۔
— Sikandar Raza (@SRazaB24) October 18, 2023
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے محمد رضوان نے سری لنکا کیخلاف ورلڈ کپ کے میچ میں ٹیم کی جیت کے بعد ایکس پوسٹ میں اپنے مین آف دی میچ ایوارڈ کو “غزہ کے بہن بھائیوں” کے نام کیا تھا جس پر بھارت میں ان کے خلاف شدید ردعمل دیکھنے میں آیا تھا۔
محمد رضوان کو بھارتی شائقین کے ناروا سلوک کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ آئی سی سی میں بھی شکایت کی گئی تھی جس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے رضوان کے ٹویٹ کو انکا انفرادی معاملہ قرار دیا تھا۔