لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف کی جانب سے لگائے جانیوالے الزامات سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ردعمل جاری کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے راشد لطیف کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کپتان بابراعظم نے ذکا اشرف کو کوئی کال یا پیغام نہیں بھیجا۔
بورڈ کے نمائندے کا کہنا ہے کہ بابراعظم نے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کے ساتھ فون پر طویل بات چیت کی، جس میں انہوں نے سینٹرل کنٹریکٹ کے معاملے کو حل کرنے پر مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کی تعریف کی جبکہ بھارت میں ملاقات کو بھی مثبت قرار دیا۔
آفیشل نے اس بات پر زور دیا کہ کپتان اور پی سی بی کے سربراہ کے درمیان خوشگوار بات چیت کے پیش نظر بابراعظم کو نظر انداز کرنے کے بارے میں بات چیت خبریں بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز راشد لطیف نے دعویٰ کیا تھا کہ بابراعظم گزشتہ 2 روز سے چیئرمین ذکا اشرف سمیت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کو میسج کررہے ہیں لیکن کوئی جواب نہیں ملا جبکہ پاکستانی پلئیرز کو گزشتہ 5 ماہ سے تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئی ہیں۔