مرو یا مارو ! آج پاکستان اور جنوبی افریقہ کا میچ اہم ترین صورت اختیار کر گیا

Published On 27 October,2023 01:43 am

لاہور: (فرخ احمد سے) بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023ء کے 25 ویں میچ میں سری لنکا کی انگلینڈ کیخلاف شاندار جیت نے پاکستان کو آج مرو یا مارو کی صورتحال پر پہنچا دیا۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے بھارتی شہر بنگلور میں ہونے والے میچ میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور خرابی کھیل کے سبب پوری انگلش ٹیم 33.2 اوورز میں 156 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی پوائنٹس ٹیبل پر تنزلی

سری لنکا نے ہدف صرف 22.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، اس شاندار کامیابی نے لنکن ٹائیگرز کو پوائنٹس ٹیبل پر 5 ویں پوزیشن پر پہنچا دیا جس کے بعد پاکستان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ کیخلاف اہم میچ کیلئے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیوں کا امکان

بھارت 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ 8، 8 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر جبکہ آسٹریلیا 6پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

سری لنکا 4 پوائنٹس اور 0.205- کے نیٹ رن ریٹ کیساتھ 5 ویں اور پاکستان 4 پوائنٹس 0.400- نیٹ رن ریٹ کیساتھ چھٹے نمبر پر چلا گیا، افغانستان 7 ویں، بنگلا دیش 8 ویں، انگلینڈ 9 ویں اور نیدرلینڈز آخری نمبر پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آخری موقع… قومی ٹیم کا امیدوں اور دعاؤں پر انحصار

قومی کرکٹ ٹیم آج اہم میچ میں ساؤتھ افریقہ کیخلاف ان ایکشن ہو گی، دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے بھارت کے شہر چنئی میں ایم اے چدم برم کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔

پاکستان کیلئے کرو یا مرو کی صورتحال

پاکستان کیلئے آج کا میچ کرو یا مرو کی صورتحال اختیار کر گیا ہے کیونکہ میچ ہارنے کے باعث پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی تمام امیدیں دم توڑ جائیں گی، جیتنے پر بھی اگلے مرحلے میں جانے کیلئے آسٹریلیا کے آئندہ ہونے والے میچز پر انحصار کرنا ہو گا۔

پاکستانی ٹیم میگا ایونٹ میں 5 میچز کھیل چکی جن میں سے 2 میں کامیاب ہوئی اور 3 میں ناکامی کا سامنا کر چکی ہے جبکہ جنوبی افریقہ بھی 5 میچز کھیل کر 4 میں کامیاب اور صرف ایک میں ناکام ہوئی ہے۔

قومی ٹیم کا پریکٹس سیشن

جنوبی افریقہ کیخلاف آج ہونے والے اہم میچ سے قبل قومی کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس کی جبکہ کئی کھلاڑیوں نے آرام کو ترجیح دی تاکہ میچ میں تازہ دم ہو کر ایکشن میں ہوں، آپشنل ٹریننگ سیشن میں ورلڈ کپ پلیئنگ سکواڈ کے 8 اور ریزرو کے تینوں پلیئرز نے حصہ لیا۔

ڈھائی گھنٹے جاری رہنے والے سیشن میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان کے علاوہ امام الحق، افتخار احمد، فخر زمان، سلمان علی آغا، وسیم جونیئر اور سعود شکیل جبکہ ریزرو سکواڈ کے ابرار احمد، محمد حارث اور زمان خان شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے، مکی آرتھر پر امید

قومی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں فاسٹ باؤلرز شاہین آفریدی، حارث روف اور حسن علی پریکٹس سیشن میں نہ آئے، وکٹ کیپر محمد رضوان، اوپنر عبد اللہ شفیق، سپنر اسامہ میر اور آل راؤنڈر محمد نواز نے آرام کو ترجیح دی۔

دونوں ٹیموں کا ون ڈے میں باہمی ریکارڈ

پاکستان کے ساتھ ون ڈے میں باہمی ریکارڈ کے مطابق جنوبی افریقہ کی ٹیم کا پلڑا بھاری ہے، دونوں کے درمیان 82 ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں جن میں 30 میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی جبکہ 51 میچز جنوبی افریقہ نے جیتے ہیں اور ایک میچ بغیر نتیجہ رہا۔

ورلڈ کپ میچز میں بھی پروٹیز کو گرین شرٹس پر برتری حاصل ہے، پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ورلڈ کپ میچز میں 5 بار آمنے سامنے آئیں، 3 میچز میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی جبکہ 2 میچز میں جیت پاکستان نے اپنے نام کی۔