چنئی: (دنیا نیوز) ورلڈکپ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ سے قبل چنئی میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش ہو گئی۔
کچھ دیر تیز بارش کے بعد پھوار کا سلسلہ جاری رہا جو تھوڑی دیر میں رک گیا، چنئی کے مغرب میں اب بھی سیاہ بادل موجود ہیں جبکہ دوسری جانب آسمان صاف ہو گیا۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے آج چنئی میں بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے، آج صبح تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، اب چنئی میں بارش تھم چکی ہے اور تھوڑی سی دھوپ بھی نکل آئی ہے لیکن بادل بدستور موجود ہیں۔
اگر مزید بارش ہوئی تو ہو سکتا ہے کہ آج کا میچ تھوڑا تاخیر سے شروع ہو لیکن بھارتی محکمہ موسمیات کی جانب سے آج تیز یا موسلا دھار بارش کی کوئی پیشگوئی نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ آج پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان چنئی کے چدم برم سٹیڈیم میں میچ شیڈول ہے، جنوبی افریقا کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پاکستانی ٹیم 3 مسلسل شکستوں کے بعد چھٹے نمبر پر موجود ہے۔