لاہور: (ویب ڈیسک) کراچی ریجن وائٹس نے سرفراز احمد کی قیادت میں قائداعظم ٹرافی جیت لی۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے فائنل میں کراچی وائٹس نے فیصل آباد ریجن کو 456 رنز سے شکست دیدی، کراچی ریجن وائٹس نے فیصل آباد ریجن کو 790 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن فیصل آباد کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 333 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 26, 2023
کراچی وائٹس کے کپتان سرفراز احمد ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جنہوں نے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر697 رنز اسکور کیے اور وکٹوں کے پیچھے 1 سٹمپڈ اور 27 کیچز پکڑے۔
کراچی وائٹس کے صائم ایوب فائنل کے بہترین کرکٹر قرار پائے، انہوں نے پہلی اننگز میں ڈبل سنچری اور دوسری اننگز میں ایک سنچری سکور کی۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 26, 2023
میچ کے پانچویں اور آخری دن فیصل آباد نے اپنی دوسری اننگز 129 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو اسے جیتنے کے لیے مزید 661 رنز درکار تھے، کپتان فہیم اشرف اور علی اسفند اسکور میں 84 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہے، علی اسفند 15 اور خرم شہزاد 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
یاد رہے کہ فیصل آباد نے قائداعظم ٹرافی کے لیگ میچوں میں سب سے زیادہ 108 پوائنٹس حاصل کیے تھے جبکہ کراچی وائٹس کی ٹیم 100 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی تھی اور ان دونوں ٹیموں نے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 26, 2023
پشاور کے صاحبزادہ فرحان کو ٹورنامنٹ کا بہترین بلے باز قرار دیا گیا جنہوں نے تین سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 847 رنز اسکور کیے، فیصل آباد کے خرم شہزاد ٹورنامنٹ کے بہترین بولر رہے جنہوں نے36 وکٹیں حاصل کیں۔