لاہور: (دنیا نیوز) پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے سابق ٹیسٹ کرکٹرز عاقب جاوید، محمد یوسف اور چیف سلیکٹر انضمام الحق سےملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی سابق کرکٹرز سے ملاقات میں ملکی کرکٹ میں بہتری لانے اور کھلاڑیوں کی ترقی کے عمل سے متعلق امور زیر غور آئے۔
ذکا اشرف نے موجودہ کھلاڑیوں کی ترقی کے عمل میں سابق کھلاڑیوں کی مہارت کو شامل کرنے پر بورڈ کی توجہ پر زور دیا، جنہوں نے مختلف صلاحیتوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے تاکہ کھلاڑیوں کو خصوصی بلے بازوں، سپنرز اور تیز گیند بازوں کے طور پر تیار کرنے میں مدد کی جا سکے۔
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) October 24, 2023
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی ڈومیسٹک سرکٹ کے ٹاپ ٹیلنٹ کے ساتھ ایک خصوصی کیمپ منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، اس کیمپ کا بنیادی مقصد ان کھلاڑیوں کی پرورش کرنا اور انہیں بین الاقوامی سٹیج کے لیے تیار کرنا ہے تاکہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان فرق کو ختم کیا جا سکے۔
ذکا اشرف نے سابق کرکٹرز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کھلاڑیوں نے پاکستان کی اعلیٰ ترین سطح پر خدمت کی ہے اور ان کے پاس تجربے کا خزانہ ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ اس بات کو یقینی بنانے میں مدد کریں گے کہ ہمارے کھلاڑی کھیل کے تمام پہلوؤں میں اچھی طرح سے تیار ہوں۔