لاہور: (دنیا نیوز) راشد لطیف کی جانب سے تنخواہوں کے معاملے پر آواز اٹھانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ہوش آگیا، قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹس بھارت پہنچا دیئے۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو بذریعہ ای میل سینٹرل کنٹریکٹس کی دستاویز موصول ہوئیں، بھارت میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے سینٹرل کنٹریکٹس پر دستخط کر دیئے، کرکٹر کو 30 جون سے اب تک تمام بقایا جات ادا کیے جائیں گے۔
کھلاڑیوں کو پچھلے پانچ ماہ سے کوئی ادائیگی نہیں ہوئی، کرکٹرز کی بھارت میں موجودگی کی وجہ سے سینٹرل کنٹریکٹس پر دستخط نہیں ہو سکے تھے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل سابق کرکٹر راشد لطیف نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی پلیئرز کو گزشتہ 5 ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، بابر اعظم چیئرمین ذکا اشرف سمیت پی سی بی حکام کو میسج کر رہے ہیں لیکن انہیں کوئی جواب نہیں ملا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے راشد لطیف کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کپتان بابراعظم نے ذکا اشرف کو کوئی کال یا پیغام نہیں بھیجا، بابراعظم نے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کے ساتھ فون پر طویل بات چیت کی جس میں سینٹرل کنٹریکٹ کے معاملے کو حل کرنے پر مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کی تعریف کی جبکہ بھارت میں ملاقات کو بھی مثبت قرار دیا۔
آفیشل نے اس بات پر زور دیا کہ کپتان اور پی سی بی کے سربراہ کے درمیان خوشگوار بات چیت کے پیش نظر بابراعظم کو نظر انداز کرنے کے بارے میں خبریں بے بنیاد ہیں۔