لاہور: (دنیا نیوز) بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ 2023ء میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم آج بنگلا دیش کیخلاف بقاء کی جنگ لڑے گی، ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں جانے کیلئے قومی ٹیم کو لازمی جیتنا ہو گا۔
ایک روزہ کرکٹ کے عالمی ایونٹ کے 31 ویں میچ میں پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے بھارت کے شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈن کرکٹ سٹیڈیم میں اتریں گی، گرین شرٹس کو فائنل فور مرحلے کی دوڑ میں رہنے کیلئے بنگال ٹائیگرز کو ہرانا ضروری ہے، پاکستان کے پاس سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کا آج آخری موقع ہے۔
پاکستانی ٹیم نے اہم میچ سے قبل بھر پور پریکٹس کی، کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں، حسن علی اور فخر زمان نے بھی پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، قومی ٹیم میں بنگلا دیش کیخلاف میچ میں تین تبدیلیوں کا امکان ہے، امام الحق کی جگہ فخر زمان، محمد نواز کی جگہ سلمان علی آغا اور شاداب خان کی جگہ اسامہ میر کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان کا پلڑا بھاری
ورلڈ کپ 2023ء میں شاہینوں نے 6 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 2 میں جیت حاصل کی جبکہ بنگلا دیش کی ٹیم نے بھی 6 میچز میں سے صرف ایک میں کامیابی حاصل کی ہے، گرین شرٹس 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر 7 ویں نمبر پر ہیں جبکہ بنگال ٹائیگرز 2 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر 9 ویں نمبر پر ہیں۔
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ہونے والے ون ڈے میچز کے باہمی ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو شاہینوں کا پلڑا بھاری ہے، پاکستان اور بنگلا دیش کی ٹیمیں 38 ون ڈے میچز میں مدمقابل آئیں جس میں سے قومی ٹیم نے 33 اور بنگالی ٹیم نے 5 میں کامیابی حاصل کی، ورلڈ کپ میں 2 بار جوڑ پڑا، ایک پاکستان نے جیتا اور ایک میچ میں بنگلا دیش نے فتح سمیٹی۔