لاہور: (دنیا نیوز) بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آج اہم میچ کھیلا جائے گا، سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنے کیلئے قومی ٹیم کو اچھے مارجن کے ساتھ کیویز کو ہرانا ضروری ہے۔
ایک روزہ کرکٹ کے عالمی ایونٹ کے 35 ویں میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے بھارت کے شہر بنگلور کے ایم چنا سوامی کرکٹ سٹیڈیم میں اتریں گی، گرین شرٹس کو فائنل فور مرحلے کی دوڑ میں رہنے کیلئے نیوزی لینڈ کو اچھے مارجن سے ہرانا ضروری ہے، پاکستان کے پاس سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہونے کا آج بھی موقع ہے۔
پاکستانی ٹیم نے اہم میچ سے قبل بھر پور پریکٹس کی، کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں، حسن علی اور فخر زمان نے بھی پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، قومی ٹیم میں نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں ایک تبدیلی کیے جانے کا امکان ہے، ٹیم میں سپنر اسامہ میر کی جگہ فاسٹ باؤلر حسن علی کو شامل کرنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ: آئی سی سی نے نیوزی لینڈ کے سکواڈ میں تبدیلی کی منظوری دیدی
انجری کے شکار قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کا فٹنس ٹیسٹ بھی لیا گیا تاہم ان کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا، ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ بظاہر تو وہ ٹھیک ہیں لیکن احتیاط ضروری ہے، آج ہونے والے میچ کے دوران بارش کے بھی ہونے کا امکان ہے، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آج کا میچ بارش کے باعث نہ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا جائے گا۔
باہمی ون ڈے میچز میں پاکستان کو نیوزی لینڈ پر برتری
ورلڈ کپ 2023ء میں شاہینوں نے 7 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 3 میں جیت حاصل کی جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھی 7 میچز کھیل کر 4 میں کامیابی حاصل کی ہے، گرین شرٹس 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر 6 ویں نمبر پر ہیں جبکہ نیوزی لینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر 4 ویں نمبر پر ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے ون ڈے میچز کے باہمی ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو گرین شرٹس کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان 115 ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے 60 میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی جبکہ 51 میچز نیوزی لینڈ نے جیتے اور ایک میچ ٹائی ہوا جبکہ 3 میچ بغیر نتیجہ رہے۔
ورلڈ کپ کے میچز میں بھی قومی ٹیم کو بلیک کیپس پر برتری حاصل ہے، پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ورلڈ کپ میچز میں 9 بار مدمقابل آئیں، 7 میں شاہینوں نے کامیابی حاصل کی جبکہ 2 میچز میں جیت کیویز کے نام رہی۔