سینئر کرکٹرز کا بابراعظم کو کپتانی سے نہ ہٹانے کا مشورہ

Published On 14 November,2023 04:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سینئر کرکٹرز نے چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف سے اہم مشاورتی میٹنگ میں بابراعظم کو فوری کپتانی سے نہ ہٹانے کا مشورہ دے دیا۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی سینئر کرکٹرز سے مشاورتی میٹنگ ہوئی، میٹنگ میں مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض، سابق کرکٹرز یونس خان، محمد حفیظ اور سہیل تنویر شامل تھے۔

ذکا اشرف نے قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں کارکردگی کے حوالے سے سابق کرکٹرز سے مشاورت کی، قومی کرکٹ ٹیم میں بہتری کیلئے سابق کرکٹرز نے ذکا اشرف کو تجاویز پیش کیں۔

سینئر کرکٹرز نے چئیرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی سے کہا کہ پی ایس ایل کی بنیاد پر کھلاڑیوں کی سلیکشن سمجھ سے باہر ہے، ایک پی ایس ایل کے میچ میں اچھی اننگز کے بل پر کھلاڑی کو قومی ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے۔

سینئر کھلاڑیوں نے کہا کہ جس نے ڈومیسٹک نہیں کھیلا وہ پی ایس ایل سے قومی ٹیم میں آتا ہے جوکہ ڈومیسٹک سیزن کھیلنے والوں کے ساتھ نا انصافی ہے، جب ڈومیسٹک سیزن کے پرفارمرز کو عزت نہیں دی جائے گی تو یہی نتائج سامنے آئیں گے، سلیکشن کمیٹی وہ ہونی چاہیے جو میرٹ پر کام کرے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بابر اعظم کی کپتانی پر سب تنقید کر رہے ہیں، کیا کریں؟، اس پر سینئر کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ون ڈے اگلے سال ہے، ابھی کپتانی پر بات نہ کریں، بابر اعظم کو ابھی کپتان رہنے دیں اس کو نہ چھیڑیں، ابھی ٹیسٹ سیریز ہے اور اگلے سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ہے اس کو مدنظر رکھ کر فیصلے کریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف سابق کرکٹرز سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور آئندہ دنوں میں مزید سابق کرکٹرز سے ملاقاتیں کریں گے۔