لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کی سابق کرکٹرز سے مشاورت کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کو فارغ کر دیا گیا، نئے چیف سلیکٹر کی تقرری کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
لاہور میں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے وہاب ریاض اور سابق کرکٹرز یونس خان، محمد حفیظ اور سہیل تنویر سے اہم مشاورتی ملاقاتیں کیں جن میں سلیکشن کمیٹی سمیت کرکٹ کے مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: سابق کرکٹرز کا بابراعظم کو کپتانی سے نہ ہٹانے کا مشورہ
سینئر کرکٹرز نے چیئرمین پی سی بی سے کہا کہ پی ایس ایل کی بنیاد پر کھلاڑیوں کی سلیکشن سمجھ سے باہر ہے، ایک پی ایس ایل کے میچ میں اچھی اننگز کے بل پر کھلاڑی کو قومی ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے، جب ڈومیسٹک سیزن کے پرفارمرز کو عزت نہیں دی جائے گی تو یہی نتائج سامنے آئیں گے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 14, 2023
سینئر کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ جس نے ڈومیسٹک نہیں کھیلا وہ پی ایس ایل سے قومی ٹیم میں آتا ہے جوکہ ڈومیسٹک سیزن کھیلنے والوں کے ساتھ نا انصافی ہے، سلیکشن کمیٹی وہ ہونی چاہیے جو میرٹ پر کام کرے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹرز سے مشاورت کے بعد پی سی بی نے سینئر اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے عبوری سربراہ توصیف احمد اور وجاہت اللہ واسطی کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا، دورہ آسٹریلیا کیلئے پاکستان ٹیم کا انتخاب نئی سلیکشن کمیٹی کرے گی۔