لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر 16 نومبر کو لاہور آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق مکی آرتھر کے لاہور پہنچنے کے بعد چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس بلائیں گے۔
اجلاس میں کپتان بابر اعظم سمیت نائب کپتان شاداب خان ، کوچز اور ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر کو بھی بلایا جائے گا ، اجلاس میں ٹیم کی ورلڈ کپ کارکردگی کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور پوچھ گچھ کی جائے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں قومی کرکٹ ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان بھی ہے، دورہ آسٹریلیا سے قبل ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی جائیں گیں ۔