ٹی20 ورلڈ کپ: ٹکٹوں کی خریداری کیلئے دو روز میں 12 لاکھ رجسٹریشن

Published On 04 February,2024 10:23 am

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹی20 ورلڈ کپ 2024ء کی ٹکٹوں کی خریداری کیلئے 48 گھنٹوں میں 12 لاکھ رجسٹریشن ہوگئیں۔

کرکٹ کے میگا ایونٹ کیلئے دنیا بھر کے 126 ممالک سے 1 اعشاریہ 2 ملین فیز نے ٹکٹس کی بیلٹنگ کیلئے رجسٹریشن کرائی ہے، ٹی20 ورلڈ کپ 2024ء کے میزبان ملک امریکا اور ویسٹ انڈیز سے 9 لاکھ کرکٹ فینز نے رجسٹریشن کرائی ہے۔

میگا ایونٹ کے میچز کے ٹکٹ کی بیلٹنگ کیلئے رجسٹریشن 7 فروری تک جاری رہے گی، قرعہ اندازی کے ذریعے رجسٹرڈ فینز کو ٹکٹس ملیں گے۔

دوسرے مرحلے میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے ٹکٹ 22 فروری سے پہلے آئیے اور پہلے پائیے کی بنیاد پر فروخت ہوں گے، ٹی20 ورلڈ کپ کے 55 میچز کیلئے مجموعی طور پر 2 لاکھ 60 ہزار ٹکٹ فروخت ہوں گے۔

جون 2024ء میں ہونے والا میگا ایونٹ 29 روز جاری رہے گا، جس میں 20 ٹیمیں شریک ہوں گی، ایونٹ کے گروپ میچز یکم جون سے 17 جون تک ہوں گے۔

ٹیموں کو 4 گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان اور بھارت 9 جون کو آمنے سامنے ہوں گے۔