لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ، قومی کپتان بابر اعظم اور دیگر ٹیم آفیشلز نجی ایئرلائن کے ذریعے دبئی سے لاہور ایئرپورٹ پہنچے۔
کرکٹر آصف علی، لیگ سپنر عثمان قادر اور فاسٹ باؤلر نسیم شاہ بھی چیئرمین پی سی بی اور کپتان بابر اعظم کے ہمراہ لاہور پہنچے ہیں، بابر اعظم کی ایئرپورٹ آمد پر شہریوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
لاہور ایئر پورٹ پر شہریوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بھی بنوائیں، ٹیم کو ویلکم کرنے کے لیے اُن کے اہل خانہ بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
ٹیم کے پہنچنے پر سکیورٹی کا سخت انتظام کیا گیا تھا، سخت سکیورٹی میں کھلاڑیوں کو گاڑیوں تک پہنچایا گیا جہاں سے وہ میڈیا سے بات کئے بغیر روانہ ہوگئے۔