اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے دنیا کو خصوصی افراد کی شاندار صلاحیتوں سے متعارف کرایا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی ایوان صدر میں ملاقات ہوئی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے، قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ٹورنامنٹس میں شرکت کر کے بینائی سے محروم کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی، پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے دنیا کو خصوصی افراد کی صلاحیتوں سے متعارف کرایا۔
صدر مملکت نے کہا حالیہ برسوں میں پاکستان میں بلائنڈ کرکٹ نے خصوصی توجہ اور پہچان حاصل کی، پاکستان بلائنڈ کرکٹ بورڈ کا ملک میں کرکٹ کے مقابلوں کے فروغ اور انعقاد کے لئے سرگرم ہونا خوش آئند ہے، بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی جدوجہد اور کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے لئے کرکٹرز کی متاثر کن کارکردگی کو سراہا جانا چاہئے۔