لاہور: (ویب ڈیسک) فٹنس مسائل کے حل کیلئے قومی کرکٹرز کو فوجی ٹریننگ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
قومی کرکٹرز مستقبل کے چیلنجز کی تیاری کیلئے کاکول اکیڈمی میں فوجی ٹریننگ کریں گے جب کہ رمضان المبارک میں بھی مشقیں ہوں گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کرکٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل 9 کے میچز کے دوران میں نہیں سمجھتا کہ آپ میں سے کسی نے سٹینڈز میں چھکا لگایا ہو، سوچتا تھا کہ ایسا کوئی غیر ملکی بیٹر ہی کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پی سی بی حکام سے کہا ہے کہ کرکٹرز کی فٹنس تیزی سے بہتر بنانے کیلئے پلان بنائیں، نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان آرہی ہے، ٹیم کو انگلینڈ، آئرلینڈ اور ورلڈکپ کیلئے امریکا اور ویسٹ انڈیز جانا ہے، ٹریننگ کیلئے وقت نکالنا مشکل تھا تاہم 25 مارچ سے 8 اپریل تک کرکٹرز کا کاکول(ملٹری اکیڈمی) میں کیمپ لگے گا، ہم کوچنگ سٹاف کی تقرری کیلئے بھی رابطے میں ہیں، بہترین دستیاب افراد کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 سمیت کھلاڑیوں کی 6 ماہ تک نان سٹاپ کرکٹ ہے، کیمپ کے دوران رمضان المبارک بھی ہو گا۔