قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف کیلئے غیر ملکی نام زیر غور

Published On 06 March,2024 11:23 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی کوچنگ کیلئے چار سے پانچ بڑے نام اپنے ریڈار میں رکھ لیے۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کی کوچنگ کیلئے زیرغور ناموں میں پی ایس ایل میں خدمات انجام دینے والے کوچز بھی شامل ہیں۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیرن سیمی اور مائیک ہیسن کے نام کوچز کی فہرست میں شامل ہیں جبکہ سر ویوین رچرڈز کا نام مینٹورشپ کے لیے زیر غور آیا ہے۔

ذرائع پی سی بی نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ جلد سے جلد کوچنگ سٹاف کو حتمی شکل دینے کا خواہشمند ہے، پاکستان ٹیم کی اگلی اسائنمنٹ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز اپریل کے وسط میں شیڈول ہے، ہوم سیریز کے بعد پاکستان نے انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے جس کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنا ہے۔