کیوی وفد کو دورے کے دوران فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی

Published On 06 March,2024 12:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے نیوزی لینڈ کے سکیورٹی وفد کو کیوی ٹیم کو دورے کے دوران فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی کروا دی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے نیوزی لینڈ کے سکیورٹی وفد نے ملاقات کی، سکیورٹی وفد میں نیوزی لینڈ پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیتھ ملز اور سکیورٹی کنسلٹنٹ ریگ ڈکاسن شامل تھے۔

ملاقات میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے انتظامات اور سکیورٹی پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا، محسن نقوی نے کیوی وفد کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی پاکستان کے مہمان ہیں، کیوی ٹیم کے لئے بہترین سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔

کیوی وفد نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا، سکیورٹی انتظامات شاندار ہیں۔