اہم کھلاڑی نہ ہونے کے باوجود قلندرز آخری بال تک لڑے: عاطف رانا

Published On 11 March,2024 11:55 am

(ویب ڈیسک) لاہور قلندر کے سی ای او عاطف رانا نے کہا ہے کہ قلندرز جیتیں یا ہاریں لوگ اس ٹیم سے پیار کرتے ہیں، رواں سیزن میں اہم کھلاڑی نہ ہونے کے باوجود قلندرز آخری بال تک لڑے۔

نجی ٹی وی سی گفتگو کرتے ہوئے عاطف رانا نے کہا ہے کہ قلندرز شکست سے ڈرنے والے نہیں اس وجہ سے نوجوانوں کو زیادہ موقع دیا، رواں پی ایس ایل سیزن میں اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی اور انجری کی وجہ سے کمبی نیشن نہیں بن سکا اور کچھ قسمت نے بھی ساتھ نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ راشد خان کا متبادل پوری دنیا میں نہیں ہے، تین سے چار اہم کھلاڑی ٹیم کو دستیاب نہ ہوں تو مشکل ہوجاتا ہے، اہم کھلاڑی نہ ہونے کے باوجود لاہور قلندرز کی ٹیم آخری بال تک لڑتی نظر آئی۔

سی ای او لاہور قلندرز کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کی ایک دو پرفارمنسز سے ان کو رائٹ آف نہیں کیا جا سکتا، شاہین کلاس کا کھلاڑی ہے فارم تو آتی جاتی رہتی ہے، شاہین نے دو بار پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتا، شاہین میں لیڈر شپ کی خوبی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز کیلئے پی ایس ایل ختم ہوا ہے محنت کا سلسلہ نہیں، کل سے لاہور قلندرز پھر سے محنت شروع کر دے گی، نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز کیلئے قلندرز کے دروازے کھلے رہیں گے۔ 

Advertisement