لندن: (دنیا نیوز) ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024ء کا آج سے انگلینڈ میں آغاز ہو گا، افتتاحی میچ انگلینڈ اور بھارت جبکہ دوسرا میچ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی میزبانی میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024ء کا آج سے باقاعدہ طور پر آغاز ہو گا، پہلا میچ میزبان انگلینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ سٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گی۔
ایونٹ کے دوسرے میچ میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، قومی ٹیم پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کینگروز کیخلاف میدان میں اترے گی، چیمپئن شپ میں انگلینڈ، بھارت، آسٹریلیا، پاکستان، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے سینئرز کھلاڑی شریک ہوں گے۔
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024ء میں شرکت کرنے والی 6 ٹیمیں آج سے 13 جولائی تک ایکشن میں نظر آئیں گی، پاکستان اور بھارت کا مقابلہ 6 جولائی کو ہو گا، شائقین آل راؤنڈر شاہد آفریدی، یوراج سنگھ، ڈیل سٹین اور کیون پیٹرسن سمیت ماضی کے کئی نامور کھلاڑیوں کو کھیلتے ہوئے دیکھیں گے۔