ممبئی: (ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کی فاتح بھارتی ٹیم کیلئے کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ انعامی رقم کی تقسیم کی تفصیل سامنے آ گئی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء جیتنے والی بھارتی ٹیم کیلئے بی سی سی آئی کے سربراہ جے شاہ نے 125 کروڑ روپے کی رقم انعام کے طور پر دینے کا اعلان کیا تھا، رقم کی تقسیم کیسے ہو گی اس کے تفصیل سامنے آ گئی ہے۔
حالیہ ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے بھارت کی جانب سے 42 لوگوں نے امریکا اور ویسٹ انڈیز کا سفر کیا جن میں 15 ٹیم پلیئرز، سپورٹ سٹاف اور ریزروز بھی شامل تھے، 42 افراد میں سے کس کو کتنے پیسے ملیں گے یہ ٹیم کیلئے مختص کردار پر منحصر ہے۔
بھارت کے 15 کھلاڑی بشمول وہ جو ایک بھی میچ نہیں کھیل پائے، انہیں 5 کروڑ روپے ملیں گے، ہیڈ کوچ راہل ڈریوڈ کو بھی 5 کروڑ دیئے جائیں گے، ڈریوڈ کے کوچنگ سٹاف جن میں بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور، فیلڈنگ کوچ ٹی دلیپ اور باؤلنگ کوچ پارس مہمبرے شامل ہیں کو 2.5 کروڑ روپے فی کس ملیں گے۔
سپورٹ سٹاف یعنی معاون عملے میں سے تین فزیو تھراپسٹ، تین تھرو ڈاؤن سپیشلسٹ، دو مساج کرنے والے اور ’سٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ‘ کوچ کو 2، 2 کروڑ روپے ملیں گے، سلیکشن کمیٹی کے ممبران بشمول ان کے سربراہ اجیت اگاکر کے درمیان 1، 1 کروڑ روپے تقسیم کیے جائیں گے۔
بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے 15 رکنی سکواڈ کے ساتھ چار ریزرو کھلاڑیوں کو بھی نامزد کیا جن میں رنکو سنگھ، شبمن گل، اویش خان اور خلیل احمد شامل تھے، ان ریزور کھلاڑیوں میں سے ہر ایک کو 1 کروڑ روپے کی رقم سے نوازا جائے گا۔