مقبوضہ کشمیر: نامعلوم افراد کے حملے میں 4 بھارتی فوجی ہلاک، 6 زخمی

Published On 09 July,2024 07:33 am

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں نامعلوم افراد نے حملہ کر کے 4 بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ 6 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے بھارتی فوج کی گاڑی پر ضلع کٹھوعہ میں حملہ کیا گیا، قابض فوجیوں کی گاڑی کو دستی بموں اور فائرنگ سے نشانہ بنایا گیا، حملے میں 4 بھارتی فوجی موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 6 شدید زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔

حملے کے بعد بھارتی فوج نے علاقے کا محاصرہ کر کے بڑے پیمانے پر تلاشی کا سلسلہ شروع کر دیا، دو روز قبل بھی ایک جھڑپ میں 2 بھارتی فوجی مارے گئے تھے جبکہ فوجیوں کی فائرنگ سے 5 کشمیری نوجوان بھی شہید ہو گئے۔

کشمیر میڈیا کے مطابق ضلع کُلگام کے گاؤں موڈرگام میں بھارتی فوج، نیم فوجی دستہ سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور مقامی پولیس پر مشتمل چھاپہ مار ٹیم نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں گھر گھر تلاشی لی رہی تھی کہ اس دوران ایک گھر سے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی گئی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک ہو گیا، جواب میں اس گھر کو تباہ کردیا گیا، گھر کے ملبے سے ایک مسلح نوجوان کی لاش ملی، اس کے علاوہ فریسام میں بھارتی فوج نے ایک گھر پر شدید گولہ باری کی جس میں 4 کشمیری نوجوان شہید ہوئے جبکہ ایک فوجی اہلکار بھی مارا گیا۔