الجزائر شہر: (ویب ڈیسک) الجزائر کے صحرا میں 12 شامیوں سمیت 14 افراد شدید پیاس کے باعث جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
ریسکیو ادارے کے مطابق الجزائر کے صحرا میں بیلکبور کے علاقے سے 14 تارکین وطن کی لاشیں ملی ہیں، جن میں سے 12 شامی اور دو الجزائر کے باشندے ہیں، مرنے والوں کی لاشیں الیز ریاست کے عمر ادریس ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، لواحقین کو ہسپتال سے رابطہ کرنے کی ہدایت کر دی۔
ریسکیو ادارے کا مزید کہنا ہے کہ مرنے والے تمام مرد ہیں اور ان میں 16 سال سے کم عمر کے بچے اور ایک ہی خاندان کے رشتہ دار شامل ہیں، ان میں سے 5 کا تعلق حلب شہر، 3 کا تعلق رقہ ، 3 کا الحسکہ اور ایک دمشق سے تھا۔
امدادی کارکنوں کی جانب سے جاری کیے گئے ویڈیو کلپس میں ہلاک شدگان کی لاشیں ایک فور وہیل ڈرائیو کار کے آگے ریت پر بکھری ہوئی دکھائی دے رہی ہیں، اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ان کی موت کی وجہ وسیع صحرا میں گم ہونے کے بعد پیاس لگنے سے ہوئی۔
واضح رہے الجزائر بحیرہ روم کے راستے یورپ پہنچنے کے خواہشمند ہزاروں غیر قانونی تارکین وطن کیلئے ایک ٹرانزٹ پوائنٹ ہے، حالیہ برسوں میں درجنوں شامی شہری شمالی افریقی ممالک کے ساحلوں سے ہوتے ہوئے یورپی براعظم پہنچنے کی کوشش کے دوران سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہو چکے ہیں۔