پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس میں نیشنل اسمبلی کی 577 نشستوں کیلئے انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل کر لیا گیا، ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس میں نیشنل اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ٹرن آؤٹ 60 فیصد رہا، ووٹنگ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے ہوا جو دیہی علاقوں اور چھوٹے شہروں میں شام 6 بجے تک جبکہ بڑے شہروں میں رات 8 بجے تک جاری رہا۔
ایگزٹ پول کے مطابق بائیں بازو کے اتحاد کو سب سے زیادہ نشستیں ملنے کا امکان ہے، کسی بھی اتحاد کو سادہ اکثریت ملنا ممکن نہیں، نیشنل ریلی سب سے آگے ہے، نیشنل ریلی 230 سے 280 کے درمیان نشستیں حاصل کر سکتی ہے۔
انتہائی دائیں بازو کی نیشنل ریلی کے حوالے سے مایوس کن خبریں سامنے آ رہی ہیں، این پی ایف اتحاد کو 190 نشستیں ملنے، صدر میکرون کا اتحاد 170 سیٹوں پر کامیاب ہو سکتا ہے، پہلے مرحلے میں 577 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں 76 اراکین منتخب ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ 30 جون کو ہونے والے فرانسیسی انتخابات کے پہلے مرحلے کے ایگزٹ پول نتائج کے مطابق انتہائی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی 34 فیصد ووٹوں کیساتھ پہلے، بائیں بازو کی جماعت پاپولر فرنٹ 28.1 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے اور صدر میکرون کی جماعت 20.3 فیصد ووٹوں کیساتھ تیسرے نمبر پر تھی۔