چنئی :(ویب ڈیسک ) بھارت نے بنگلہ دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم کو 280 رنز سے شکست دے دی۔
بھارت اور بنگلہ دیش 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 19 ستمبر سے 22 ستمبر کے درمیان چنئی کے ایم اے چدمبرم سٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں بھارتی ٹیم نے 280 رنز سے بڑی فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
میچ کے ہیرو روی چندرن اشون رہے، انہوں نے مشکل حالات میں پہلی اننگز میں ٹیم کے لیے 113 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جبکہ دوسری اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کیں،انہیں ’پلیئر آف دی میچ‘ کے ایوراڈ سے نوازا گیا۔
بنگلہ دیشی ٹیم کو ٹیسٹ میچ جیت کے لیے 515 رنز کا مجموعی ہدف ملا تھا، لیکن مخالف ٹیم کے بیٹر دوسری اننگز میں محض 234 رنز پر ڈھیر ہو گئے، بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان نظم الحسین شانتو نے 127 گیندوں پر 82 رنز کی شانداراننگز کھیلی، لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہیں بچا سکے، شانتو کے علاوہ کوئی بھی بیٹراچھی کارکردگی نہیں دکھا سکا۔
ٹیسٹ میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے روی چندرن اشون کی سنچری، رویندرا جدیجہ اور یشسوی جیسوال کی نصف سنچریوں کی بدولت پہلی اننگز میں 376 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 149 رنز پر ہی سمٹ گئی تھی اور بھارت کو 227 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔
دوسری اننگز میں بھارت نے پنت اور گل کی سنچری کی بدولت 4 وکٹوں پر 287 رنز پر ڈکلیئر کر دی، جس کی وجہ سے بھارت نے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 515 رنز کا بڑا ہدف دیا اور میچ کے چوتھے دن بنگلہ دیش کو 234 رنز پر ڈھیر کرکے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
واضح رہے بنگلہ دیش ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر ٹیست سیرز کے دوران وائٹ واش کردیا تھا۔