ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ پروفیسر محمد یونس نے سعودی سفیر سے ملاقات کی اور ان سے مسلسل مدد اور سرمایہ کاری کی درخواست کی۔
سعودی سفیر الدوہیلان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا بنگلہ دیش مملکت کے اچھے دوستوں میں سے ہے، ہمارے درمیان باہمی دلچسپی کے بہت سے شعبے ہیں، جن میں موسمیاتی تبدیلی ایک ایسا شعبہ ہے جس میں سرمایہ کاری کی زیادہ گنجائش ہے، یہ ایک نیا میدان ہے اور اس میں سعودی سرمایہ کاری کے لئے نئی منزل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم بنگلہ دیش میں قابل تجدید توانائی اور لاجسٹکس کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان اور عوامی سطح پر بیک وقت بڑے خوشگوار اور شاندار تعلقات ہیں۔
سعودی سفیر نے اس موقع پر یہ بھی کہا ہماری اس معاملے پر پوری توجہ ہے کہ ہم کس طرح بنگلہ دیش کی طرف مدد اور تعاون کا ہاتھ بڑھا سکتے ہیں، خصوصاً ایسے حالات میں جبکہ بنگلہ دیش غیر معمولی صورتحال سے دوچار ہے، اسے توانائی کے شعبے میں مدد کی شدید ضرورت ہے۔
بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو جلد سے جلد دور کیا جانا چاہئے کیونکہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ بنگلہ دیش دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے لئے بالعموم اور سعودی سرمایہ کاروں کے لئے بالخصوص ایک بہت پرکشش جگہ ہے۔