میلبرن: (دنیا نیوز) آسٹریلیا کیخلاف پہلے ون ڈے کے لئے پاکستان کی پلیئنگ الیون کیا ہو گی؟ ٹیم مینجمنٹ نے سر جوڑ لیے۔
ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان، ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور سلیکٹر اسد شفیق نے پہلے میچ کی پلیئنگ الیون کے لیے مشاورت کی، پیس بیٹری کی قوت کے لیے پہلے ون ڈے میں حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ محمد حسنین کو میدان مین اتارے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فخر زمان کی عدم موجودگی میں عبد اللہ شفیق کے ساتھ صائم ایوب اننگز کا آغاز کریں گے، بابر اعظم بدستور نمبر 3 پر بیٹنگ کریں گے، مڈل آرڈر کی مضبوطی کے لیے کپتان محمد رضوان کے ساتھ نائب کپتان سلمان علی آغا بھی اننگز کو سہارا دیں گے۔
آل راؤنڈرز عرفان خان نیازی اور عامر جمال میں سے کسی ایک کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 4 نومبر کو میلبرن میں کھیلا جائے گا، ٹیم مینجمنٹ پلیئنگ الیون کی مضبوطی کے لیے مزید مشاورت کے بعد حتمی ٹیم کا اعلان کرے گی۔
سلیکٹر اسد شفیق پریکٹس سیشنز کے دوران کھلاڑیوں کا باریک بینی سے مشاہدہ کر رہے ہیں، ٹیم مینجمنٹ آسٹریلیا کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے مضبوط ٹیم میدان میں اتارنے کی خواہاں ہے۔