آسٹریلیا کو شدید دھچکا: کپتان سمیت 4 اہم کھلاڑی چیمپئنز ٹرافی سے باہر

Published On 06 February,2025 05:32 pm

سڈنی: (ویب ڈیسک) پاکستان میں رواں ماہ شیڈول آئی سی سی چیمئنز ٹرافی سے قبل آسٹریلیا کو بڑا دھچکا لگ گیا، یکے بعد دیگرے4 کھلاڑی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔

آسٹریلیا کے اہم آل راؤنڈر مارکس سٹوئنس نے چیمپئنز ٹرافی سے قبل اچانک ون ڈے کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا اور ان کی جگہ اب کرکٹ آسٹریلیا کسی متبادل کھلاڑی کے نام کا اعلان کرے گا۔

اب چیف سلیکٹر آسٹریلین کرکٹ ٹیم جارج بیلے نے بتایا ہے کہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ بھی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔

چیف سلیکٹر جارج بیلے نے بتایا کہ آل راؤنڈر مچل مارش پہلے ہی فٹنس مسائل کے باعث سکواڈ سے باہر ہو چکے، آسٹریلیا سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کے اختتام پر سکواڈ کو حتمی شکل دےگا۔

چیف سلیکٹر کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ پیٹ کمنز ٹخنے کی انجری سے صحتیاب نہیں ہو سکے جبکہ جوش ہیزل ووڈ کو کولہے میں تکلیف کا سامنا ہے، فاسٹ بولرز کو ری ہیب کے لیے ابھی وقت درکار ہے۔

چیف سلیکٹر جارج بیلے نے بتایا کہ بدقسمتی سے پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور مچل مارش کو انجریز کا سامنا ہے، چیمپئنز ٹرافی سے قبل یہ کھلاڑی مکمل فٹ نہیں ہو سکے۔