راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) نے پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔
فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں سٹیٹ بینک کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے ہرایا، شامل حسین نے نصف سنچری سکور کی۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پنک بال نائٹ فائنل میں پی ٹی وی کو جیت کے لیے 153 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
شامل حسین جو گزشتہ روز 44 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے 7 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شامل حسین اس ٹورنامنٹ میں ایک ڈبل سنچری، ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے، وہ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز میں واپڈا کے ایاز تصور کے بعد دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پی ٹی وی کے محمد شہزاد اور وقار حسین سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز میں تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے۔
پی ٹی وی کے لیے ہدف تک پہنچنا آسان ثابت نہ ہوا اور اس کی 137 کے مجموعی سکور پر 7 وکٹیں گر گئیں، وقار حسین صفر، محمد محسن 19، تیمور خان 10، محمد طحہٰ 15 اور محمد شہزاد ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اس موقع پر کپتان عماد بٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 2 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 17 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی جیت ممکن بنا دی۔
عماد بٹ نے اس سیزن میں بحیثیت کپتان یہ دوسرا ٹورنامنٹ جیتا ہے، اس سے قبل ان کی قیادت میں سیالکوٹ نے قائد اعظم ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
سٹیٹ بینک کی طرف سے کاشف بھٹی نے 4 اور محمد عباس نے 2 وکٹیں حاصل کیں، وکٹ کیپر غازی غوری نے 3 کیچز کے علاوہ ایک سٹمپ آؤٹ کیا، وہ اس ٹورنامنٹ میں کے آر ایل کے سعد بیگ کے بعد دوسرے سب سے کامیاب وکٹ کیپر رہے۔
پی ٹی وی کو ٹورنامنٹ جیتنے پر 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم ملی جبکہ رنر اپ سٹیٹ بینک نے 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم حاصل کی۔