لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنے سے متعلق خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
محمد عامر ان دنوں نجی ٹی وی کی چیمپئنز ٹرافی ٹرانسمیشن میں شریک ہو رہے ہیں جہاں گزشتہ روز پروگرام کے دوران میزبان نے محمد عامر سے سوال کیا کہ وہ جلد برطانوی پاسپورٹ کے حامل ہوجائیں گے جس کے بعد وہ انڈین پریمیئر لیگ کھیل سکتے ہیں، تو کیا ارادہ ہے؟۔
سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر نے جواب دیا کہ اگر اگلے سال تک مجھے انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے کا موقع ملا تو ضرور کھیلوں گا۔
میزبان نے عامر سے پوچھا کہ جب پاکستان میں آئی پی ایل کھیلنے پر تنقید کی جائے گی تو ان کا ردعمل کیا ہوگا؟، جس پر عامر نے جواب دیا کہ میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوچکا ہوں۔
انہوں نے نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز پر آئی پی ایل میں پابندی تھی لیکن ہمارے سابق کرکٹرز کمنٹری کررہے تھے اور فرنچائز کے کوچ بھی بنے تھے۔