افغان کرکٹر حضرت اللہ زازئی کی نومولود بیٹی انتقال کرگئی

Published On 15 March,2025 01:18 pm

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر حضرت اللہ زازئی کی نومولود بیٹی انتقال کرگئی۔

آل راؤنڈر کریم جنت نے سوشل میڈیا پوسٹ شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو افسوسناک خبر کی اطلاع دی۔

افغان کرکٹر کریم جنت نے انسٹاگرام پر حضرت اللہ زازئی کی نومولود بیٹی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے تعزیتی کیپشن بھی درج کیا۔

پوسٹ میں کریم جنت نے اس مشکل گھڑی میں حضرت اللہ  زازئی اور ان کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے تصدیق کی ’میرے بھائی حضرت اللہ زازئی کی بیٹی انتقال کر گئی ہے‘۔

حضرت اللہ زازئی کی بیٹی کے انتقال پر کرکٹ کمیونٹی سمیت مداحوں کی جانب سے بھی گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا جارہا ہے، بیٹی کے انتقال پر حضرت اللہ زازئی کی جانب سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آسکا اور نہ ہی بچی کے انتقال کی وجہ بتائی گئی ہے۔

یاد رہے کہ زازئی کو آخری بار 3 ماہ قبل زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز میں ان ایکشن دیکھا گیا تھا جبکہ زازئی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرنے والی افغان ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔