پی ایس ایل 10: کراچی سے بھی شکست، ملتان سلطانز پلے آف مرحلے کی دوڑ سے باہر

Published On 01 May,2025 04:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے 20 ویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 87 رنز سے شکست دیکر پلے آف مرحلے کی دوڑ سے باہر کردیا۔

کراچی کنگز کی جانب دیئے گئے 205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 16.1 اوورز میں 117 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، کامران غلام 29 اور یاسر خان 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے کرٹس کیمفر نے 12، کرس جارڈن اور عبید شاہ نے 14،14 رنزبنائے دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا جبکہ کپتان محمد رضوان اور ڈیوڈ ویلے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

کراچی کنگز کی جانب سے محمد نبی نے 3، خوشدل شاہ اور میر حمزہ نے 2،2 جبکہ عباس آفریدی اور عامر جمال نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

قبل ازیں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کیخلاف پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی جانب سے جیمز ونس نے 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ عرفان خان نے 40، خوشدل شاہ نے 33، کپتان ڈیوڈ وارنر نے 30 اور ٹم سائفرٹ نے 22 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عبید شاہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیمفر اور ڈیوڈ ولی نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔