ڈبلن: (ویب ڈیسک) آئرش کرکٹر پال سٹرلنگ نے آئرلینڈ کیلئے نئی تاریخ رقم کر دی۔
آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ ڈبلن میں کھیلا گیا، پہلے ون ڈے میں میزبان آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 124 سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی۔
آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 303 رنز سکور کیے، اینڈریو بالبرنی نے 112، ہیری ٹیکٹر نے 56 اور کپتان پال سٹرلنگ نے 54 رنز سکور کیے۔
304 رنز کے ہدف کے جواب میں مہمان ویسٹ انڈیز ٹیم 35 ویں اوور میں 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اس میچ میں آئرش کپتان پال سٹرلنگ نے آئر لینڈ کے لیے نئی تاریخ رقم کی، پال سٹرلنگ آئر لینڈ کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں 10 ہزار رنز سکور کرنے والے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔
دائیں ہاتھ کے بیٹر نے آئرلینڈ کے لیے ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 3656، ٹیسٹ میں 382 اور ون ڈے میں 5979 رنز سکور کیے ہیں جو مجموعی طور پر 10 ہزار 17 رنز بنتے ہیں۔