لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان نے آخری ٹی 20 میں بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں پر مشتمل سیریز تین صفر سے اپنے نام کرلی۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کی جانب سے دیا گیا 197 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 18 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد حارث نے 46 گیندوں پر 107 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 7 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے، صائم ایوب نے 45 ، حسن نواز نے 26 اور صاحبزادہ فرحان نے ایک رن سکور کیا جبکہ کپتان سلمان آغا 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) June 1, 2025
مہمان ٹیم بنگلا دیش کی جانب سے مہدی حسن مرزا نے 2 جبکہ تنظیم حسن ثاقب نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یوں پاکستان نے تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے آخری میچ میں بھی مہمان ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر 0-3 سے سیریز اپنے نام کر لی۔
قبل ازیں بنگلا دیش نے پاکستان کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) June 1, 2025
مہمان ٹیم بنگلا دیش کی جانب سے پرویز حسین34 گیندوں پر 66 رنز بنا کر نمایاں رہے، تنزید حسن نے 42 اور توحید ہریدوئے نے 25 رنز کی اننگ کھیلی، کپتان لٹن داس 22، شمیم حسین 15 اور مہدی حسن مرزا ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ جاکر علی نے 15 اور تنظیم حسن ثاقب نے 8 رن کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی اور عباس آفریدی نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔