نیا ڈومیسٹک کیلنڈر! 15 اگست سے حنیف محمد ٹرافی سے سیزن کا آغاز

Published On 07 July,2025 01:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نئے ڈومیسٹک کیلنڈر کا اعلان کر دیا، پروگرام کے تحت سیزن کا آغاز 15 اگست سے حنیف محمد ٹرافی سے ہوگا۔

گزشتہ سال متعارف کرائے گئے چیمپئنز کپ کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا، چیمپئنز کپ میں ٹی 20، ون ڈے اور فور ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ شامل کیے گئے تھے، گزشتہ سال چیمپئنز کپ ٹی 20 اور چیمپئنز ون ڈے کپ کا انعقاد ہوا تھا۔

اس کے علاوہ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی میں ٹیموں کی تعداد بھی کم کر دی گئی ہے، قائداعظم ٹرافی 26-2025 میں کل 8 ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، 6 ٹیمیں براہ راست اور حنیف محمد ٹرافی کی فائنلسٹ 2 ٹیمیں قائداعظم ٹرافی کھیلنے کی اہل ہونگی، قائداعظم ٹرافی 25-2024 میں 16 ریجنز کی 18 ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹ کی تعداد 3 سے بڑھا کر 4 کر دی گئی ہے، ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹس میں پریذیڈنٹ ٹرافی، پریذیڈنٹ کپ، گریڈ ٹو کے علاوہ گریڈ 3 شامل کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں نیشنل ٹی 20 کپ میں کوالیفائنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، نیشنل ٹی 20 کپ سپر ٹین مرحلے میں 8 ٹیمیں براہ راست اور 2 ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ سے آئیں گی، قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ یکم سے 12 مارچ تک فیصل آباد میں ہو گا۔

حنیف محمد ٹرافی میں 12 ٹیمیں شامل ہیں جس کے میچز کوئٹہ اور کراچی میں ہوں گے، ٹورنامنٹ کی ٹاپ 2 ٹیمیں قائداعظم ٹرافی کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

قائداعظم ٹرافی 22 ستمبر سے 7 نومبر تک کھیلی جائے گی جس میں 8 ٹیمیں شریک ہوں گی اور ان کے درمیان 29 میچز اسلام آباد اورراولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

نیشنل ٹی 20 کوالیفائر میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی، ٹاپ 2 ٹیمیں سپر 10 میں جائیں گی، سپر 10 مرحلے میں 8 ٹیمیں براہ راست کراچی وائٹس، لاہور وائٹس، پشاور، کراچی بلیوز، سیالکوٹ، اسلام آباد، فیصل آباد شامل کی گئی ہیں۔

چار ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹس بھی اس سیزن کا حصہ ہوں گے، انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 ریجنل ٹورنامنٹس بھی نئے کیلنڈر میں شیڈول کیے گئے ہیں۔