کابل (ویب ڈیسک) بین الاقوامی کرکٹ امپائر بسم اللہ جان شنواری طویل علالت کے بعد 41 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
افغانستان سے تعلق رکھنے والے بسم اللہ جان شنواری آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائرز کے رکن تھے، انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران 25 ون ڈے انٹرنیشنل اور 21 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیے۔
بسم اللہ خان شنواری نے دسمبر 2017 میں افغانستان اور آئرلینڈ کے درمیان شارجہ میں ہونے والے میچ سے اپنے بین الاقوامی امپائرنگ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
افغانستان کرکٹ بورڈ بسم اللہ جان شنواری کے انتقال پر انکے لواحقین سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ افغانستان کے ایلیٹ امپائرنگ پینل کا قابل احترام حصہ تھے۔ ان کی وفات ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین جے شاہ نے بھی بسم اللہ جان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی کرکٹ برادری ہمیشہ محسوس کرے گی۔ ہم ان کے اہلِ خانہ اور چاہنے والوں سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔