کراچی: (دنیا نیوز) دورہ بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کے لیے پاکستان کرکٹ سکواڈ کے تربیتی کیمپ میں دوسرے دن جمعرات کو مشقوں کا سلسلہ جاری رہا۔
نیشنل بینک سٹیڈیم میں بدھ سے شروع ہونے والے کیمپ میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کمر کس لی، کیمپ کمانڈنٹ کی ذمہ داری ادا کرنے والے نیوزی لینڈ کے مائک ہیسن نے بنگلا دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کو مختلف ٹاسک دیے۔
سپنرز کے لیے سازگار میرپور کی وکٹوں پر میزبان بولرز کا مقابلہ کرنے کے لیے بیٹرز کو خصوصی ٹریننگ کرائی گئی، مائیک ہیسن نے نیٹ پریکٹس سیشن کے بعد بیٹرز کو گھاس پر مسلسل مشقیں کرائیں، دوسری جانب اسپنر ابرار احمد کو بھی بولنگ کے لیے خصوصی ہدایات دیں۔
فیلڈنگ کوچ شین میکروموٹ نے کھلاڑیوں کو کیچ پکڑنے کی خصوصی ٹریننگ کرائی، کیمپ کا آغاز جسمانی ورزشوں سے ہوا،فزیکل ٹریننگ کے بعد نیٹ سیشن میں کھلاڑیوں کی ٹیکنیک کو بہتر بنانے کے لیے کوششیں کی گئیں۔
رات کو چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں میں بابر اعظم اپنی بیٹنگ تکنیک کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں نظر آئے جبکہ فخر زمان ایک مرتبہ پھر جارحانہ اسٹروکس کی مشقیں کرتے رہے۔
واضح رہے کہ 15 جولائی تک جاری رہنے والے کیمپ میں دورہ بنگلا دیشں کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کے ساتھ پانچ وائٹ بال کھلاڑیوں کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
قومی اسکواڈ میں سلمان علی آغا ( کپتان)،ابرار احمد، احمد دانیال، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن نواز،حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز ،صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، سلمان مرزا اور سفیان مقیم شامل ہیں۔
طلب کیے گئے پانچ وائٹ بال کرکٹرز میں بابر اعظم، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اورشاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ کیمپ کے اختتام پر پاکستان کرکٹ ٹیم اگلے روز 16جولائی کو ڈھاکا پہنچے گی۔