لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اور جارح مزاج بلے باز آصف علی نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔
اپنے بیان میں آصف علی نے کہا کہ وہ تمام مداحوں، ٹیم کے ساتھیوں اور کوچز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہر مشکل اور آسان وقت میں ان کا ساتھ دیا اور حوصلہ افزائی کی۔
آصف علی نے خاص طور پر اپنے اہل خانہ اور قریبی دوستوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر لمحہ ان کا حوصلہ بڑھایا، چاہے وہ خوشیوں کے لمحات ہوں یا غم کے، خاص طور پر اُس مشکل وقت میں جب ورلڈکپ کے دوران ان کی بیٹی کا انتقال ہوا۔
انہوں نے کہا کہ انہی لوگوں کی دعاؤں اور محبت نے انہیں ہمت دی اور آگے بڑھنے کا حوصلہ بخشا۔
آصف علی نے کہا کہ اگرچہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو رہے ہیں لیکن ان شاء اللہ وہ ڈومیسٹک اور لیگ کرکٹ میں اپنی پرفارمنس جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ آصف علی نے پاکستان کی جانب سے 21 ون ڈے اور 58 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں شرکت کی، ان کا آخری بین الاقوامی میچ 2023 میں تھا۔