ٹرائی نیشن سیریز: افغانستان نے یو اے ای کو 38 رنز سے شکست دیدی

Published On 01 September,2025 11:43 pm

شارجہ: (دنیا نیوز) سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں افغانستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 38 رنز سے شکست دیدی۔

189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنا سکی، یو اے ای کی جانب سے کپتان محمد وسیم 67 رنز اور راہول چوپرا 52 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔

افغانستان کی جانب سے راشد خان اور شرف الدین اشرف 3،3 جبکہ فضل حق فاروقی اور محمد نبی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں یو اے ای نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پہلے کھیلتے ہوئے افغانستان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔

افغان ٹیم ابراہیم زادران نے 63 اور صدیق اللّٰہ اتل نے 54 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کریم جنت 23 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، یو اے ای کے محمد روہید اور صغیر خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل دونوں ٹیموں کا سامنا پاکستان سے ہوا تھا اور دونوں ٹیموں کو پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ٹاس سے قبل سہ فریقی سیریز کے میزبان متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈ نے افغانستان میں زلزلے سے ہلاکتوں پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

امارات کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افسوسناک زلزلے کے متاثرین سے ہمدردی اور تعزیت پیش کرنے کے لیے افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ شامل ہیں۔

شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں یو اے ای اور افغانستان کے سہ فریقی سیریز کے میچ کے آغاز سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

دوسری جانب شارجہ میں کھیلی جارہی سہ ملکی سیریز میں شائقین کے لیے نیا پروٹوکول جاری کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق سہ ملکی سیریز کے میچز دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین صرف اپنی ٹیم کی حمایت کرسکتے ہیں، انہیں مخالف ٹیم کے خلاف نعرے بازی یا کسی اشارے کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکام نے ہدایت کی ہے کہ شائقین میچ کے دوران اپنی نشستوں پر ہی رہیں، دوسرے سٹینڈ میں جانے کی ہرگز کوشش نہ کریں۔

حکام نے ہدایت کی ہے کہ شائقین کھیل کے دوران بھاگ دوڑ اور بدنظمی سے بچیں، اماراتی قوانین کا احترام کریں اور کھیل کی روح برقرار رکھیں۔