لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقا ویمنز ٹیم کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دیدی تاہم سیریز جنوبی افریقا ویمنز ٹیم نے اپنے نام کرلی۔
پاکستان ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقا کی جانب سے ملنے والا 115 رنز کا ہدف 31 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، سدرہ امین 50 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہیں، منیبہ علی 44 اور نتالیہ پرویز 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جبکہ عمائمہ سہیل اور کپتان فاطمہ ثنا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹیں۔
قبل ازیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونیوالے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو اچھا ثابت نہ ہوسکا اور پوری ٹیم 25.5 اوورز میں 115 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کپتان لورا ولوارڈٹ 28 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔
پاکستان کی طرف سے نشرہ سندھو نے 6 وکٹیں حاصل کیں، سیدہ عروب شاہ نے 2، رامین شمیم اور ڈیانا بیگ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔