ابوظہبی: (دنیا نیوز) ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے کے تیسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔
شاہینوں نے سری لنکا کی جانب سے ملنے والا 134 رنز کا ہدف 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، محمد نواز 38 اور حسین طلعت 32 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 24، فخر زمان 47، صائم ایوب 2 ، کپتان سلمان علی آغا 5 رنز اور محمد حارث 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
قبل ازیں ابوظہبی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستانی باؤلرز کے سامنے سری لنکا کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر133 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے پیتھم نسانکا اور کوشال مینڈس نے اننگ کا آغاز کیا تاہم کوشال مینڈس ایک رن کے مجموعی سکور پر بغیر کھاتہ کھولے ہی شاہین آفریدی کی گیند پر حسین طلعت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، 18 رنز کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی دوسری وکٹ گر گئی جب پیتھم نسانکا میچ کے تیسرے اوور میں شاہین کی گیند پر ہی 8 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
نئے آنے والے بلے باز کوشال پریرا اور کپتان اسالنکا نے اننگ آگے بڑھائی تاہم 43 رنز کے مجموعی سکور پر کوشال پریرا بھی 15 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر محمد حارث کوکیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے۔
سری لنکن ٹیم کا سکور 58 پر پہنچا تو یکے بعد دو وکٹیں گر گئیں، لنکن کپتان اسالنکا 20 جبکہ داشن شناکا بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے، وانندو ہاسارنگا بھی 15 رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار بن گئے جبکہ کامنڈو مینڈس 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سری لنکا کے دشمانتھا چمیرا نے ایک رن بنا کر ہی پویلین کی راہ لی جبکہ چمیکا کرونارٹنے نے 21 گیندوں پر 17 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3، حارث رؤف اور حسین طلعت نے 2،2 جبکہ ابرار احمد نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔