لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے خلاف ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے میچ میں سری لنکا کے آل راؤنڈر داسن شناکا نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
پاکستان کے خلاف ابو ظہبی میں ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں سری لنکن کھلاڑی داسن شناکا صفر پر آؤٹ ہوئے اور اس طرح انہوں نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا شرمناک ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔
داسن شناکا جب بیٹنگ کے لیے آئے تو وہ صرف ایک ہی گیند کے مہمان ثابت ہوئے، انہیں حسین طلعت نے پہلی ہی گیند پر آؤٹ کر کے واپس پویلین بھیج دیا، یوں داسن شناکا ٹی 20 انٹرنیشنل میں 14 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
اس فہرست میں داسن شناکا کے بعد 13 مرتبہ صفر کے ساتھ روانڈا کے مارٹن اکائیزو، بنگلادیش کے سومیا سرکار اور آئرلینڈ کے اوپنر پال سٹرلنگ کا نام شامل ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ کے سپر 4 مرحلے میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، پاکستان ٹیم نے سری لنکا کا 134 رنز کا ہدف 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا۔