میدان میں حریف، میچ کے بعد گلے لگ گئے، سپورٹس مین شپ کا شاندار مظاہرہ

Published On 24 September,2025 11:51 am

لاہور: (ویب ڈیسک) کھیل کوئی بھی ہو اسے سیاست اور بغض و دشمنی سے پاک رکھنا ہی کھیل کی اصل روح ہوتی ہے، خاص طور پر کرکٹ کو ہمیشہ سے ہی ’جینٹلمین گیم‘ کہا جاتا ہے۔

یو اے ای میں کھیلے جارہے حالیہ ایشیا کپ میں جہاں بھارتی ٹیم نے کھیل کی روح کے منافی اخلاقیات سے گری ہوئی حرکت کی ہے وہیں سری لنکا اور پاکستان کے میچ میں سپورٹس مین شپ کا شاندار مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ پاکستانی سپنر ابرار احمد نے سری لنکن آل راؤنڈر ہسارنگا کو آؤٹ کرنے کے بعد انہیں کے انداز میں جشن منایا، بعد ازاں ہسارنگا نے فخر زمان کا شاندار کیچ تھام کر اور صائم ایوب کو بولڈ کرکے ابرار احمد کے جشن منانے کا انداز اپنایا۔

میدان میں ایک دوسرے کے جشن کا انداز اپنانے والے ابرار اور ہسارنگا میچ کے بعد پرتپاک انداز میں گلے ملنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، شائقین کرکٹ کی جانب سے دونوں کھلاڑیوں کے انداز کو خوب سراہا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے کھیل کی روح کے منافی حرکت کرتے ہوئے پاکستان ٹیم سے مصافحہ کرنے سے انکار کردیا تھا۔