جنگیں پہلے بھی ہوئیں لیکن یہ نہیں سنا کھیل میں ہاتھ نہ ملائے جائیں: آفریدی

Published On 24 September,2025 06:56 pm

اسلام آباد: (اویس عباسی) سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا حامی ہوں لیکن ہاتھ نہ ملا کر نفرت وہاں سے شروع ہوئی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انڈیا کی پہلی دفعہ جنگ تو نہیں ہوئی لیکن یہ نہیں سنا ہوگا کہ ہاتھ نہ ملائے جائیں، مودی انڈیا کا منفی چہرہ دنیا کے سامنے دکھا رہا ہے۔

شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی 60 سے 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کو پلیٹ فارم نہ ملنے سے ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں پرائیویٹ سیکٹر کا کردار ناگزیر ہے، شمالی علاقوں میں انفراسٹرکچر کی سہولیات دینا ضروری ہے، ہر پاکستانی کو ملک کی ذمہ داری اپنی ذمہ داری سمجھنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے، مصیبت کسی صوبے یا شہر کی نہیں، ہم سب کے لیے ہے۔ آنے والی نسلوں کے لیے اقدامات کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ سوات اور باجوڑ کا دورہ کیا ہے، لوکل ایڈمنسٹریشن سے بات ہوئی ہے۔ وہاں راشن کی ضرورت نہیں لیکن میں ان کے لیے گھر بنانا چاہتا ہوں، چاہتا ہوں لوگ مچھلی پکڑنا سکھیں نا کے ہمیشہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کا انتظار کریں۔