ایشیا کپ: بھارت نے بنگلادیش کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

Published On 24 September,2025 07:05 pm

دبئی: (دنیا نیوز) ٹی 20 ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے چوتھے میچ میں بھارت نے بنگلادیش کو 41 رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

بھارت کی جانب سے ملنے والے 168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی پوری ٹیم آخری اوور میں 127 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔

 بنگلا دیش کی جانب سے اوپنر بیٹر سیف حسن 51 گیندوں پر 69 رنز بنا کر نمایاں رہے، پرویز حسین نے 21 رنز سکور کیے جبکہ باقی کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو نے تین، جسپریت بمراہ اور ورون چکرورتھی نے 2،2 جبکہ اکشر پٹیل اور تلک ورما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے ایونٹ کے سپرفور مرحلے کے اہم میچ میں بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کپتان ذاکر علی نے ٹاس جیت کر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ 

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے، بھارت کی جانب سے ابھیشیک شرما 75 رنز بناکر نمایاں رہے، ہاردک پانڈیا نے 38، شبمن گل نے 29 رنز بنائے۔

بنگلادیش کی جانب سے ارشاد حسین نے 2، مستفیض الرحمان، محمد سیف الدین اور تنظیم حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارت نے ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، پاکستان کو فائنل میں پہنچنے کے لیے بنگلا دیش کو شکست دینا ہو گی، ایشیا کپ کا فائنل میچ 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔