دبئی: (دنیا نیوز) ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فائنل میں آج پاکستان اور انڈیا آمنے سامنے ہوں گے۔
41 برس بعد دونوں روایتی حریف ایک ہی ٹائٹل کیلئے براہِ راست میدان میں اتریں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ آج شام ساڑھے 7 بجے دبئی کے انٹرنیشنل سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
اگرچہ انڈیا پہلے ہی دو بار پاکستان کو اس ٹورنامنٹ میں شکست دے چکا ہے، لیکن فائنل اصل معرکہ ہے جس پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔
شائقین کرکٹ کو مقابلے کا شدت سے انتظار ہے اور قومی ٹیم کی جیت کیلئے پُرجوش ہیں، شائقین کرکٹ نے سلمان علی آغا سے دلیرانہ قیادت کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی سے بڑی توقعات وابستہ کر لی ہیں، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب بھی امیدوں کے محور ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے سیمی فائنل جیسے حیثیت رکھنے والے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
پاکستان اور بھارت اب تک کسی بھی ٹورنامنٹ میں 5 بار فائنل میں آمنے سامنے آئے ہیں، یہاں بھی پاکستان بھارت سے آگے ہے، پاکستان نے 3 بار جبکہ بھارت نے پاکستان کو 2 بار فائنل میں شکست دی ہے۔
گزشتہ روز پری میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پر امید ہیں کہ فائنل میں ٹیم اچھی کارکردگی دکھائی گی، پاکستان کو جیتتے ہوئے دیکھیں گے، ہمارا ہدف کپ جیتنا ہے اس کیلئے میدان میں اتریں گے، گزشتہ میچز کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں پر ایک جیسا پریشر ہوگا، ہو سکتا ہے پاکستان نے بہترین بیٹنگ فائنل کیلئے رکھی ہو، توقع ہے صائم ایوب فائنل میں اچھی بیٹنگ کرے گا، پلیئنگ الیون کا فیصلہ پچ دیکھ کر کریں گے۔
سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ پہلے بھی سخت حالات میں پاکستان اور بھارت کے میچز ہوئے، کبھی ایسے نہیں ہوا کہ ہینڈشیک نہ ہوا ہو، فوٹو شوٹ میں کوئی آئے یا نہ آئے ہم تو جائیں گے۔