ایشیا کپ فائنل: پاک بھارت کپتانوں کا ٹرافی کیساتھ ’فوٹو شوٹ‘ کھٹائی میں پڑگیا

Published On 27 September,2025 01:27 pm

دبئی: (دنیا نیوز) ایشیا کپ فائنل سے قبل پاک بھارت کپتانوں کا ٹرافی کے ساتھ ’فوٹو شوٹ‘ کھٹائی میں پڑگیا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل دبئی میں کل بروز اتوار کو ہونے جارہا ہے، فائنل سے پہلے دونوں ملکوں کی ٹیموں کے درمیان تناؤ کے سبب اس بار فائنل سے پہلے دونوں کپتانوں کا ’ٹرافی‘ کے ساتھ روایتی فوٹو شوٹ نہیں ہورہا۔

منتظمین نے اس بات کی تصدیق کی کہ آج یعنی ہفتے کو ایسا کچھ نہیں ہورہا تاہم اتوار کو فائنل سے قبل اس سے متعلق حتمی فیصلہ ہوگا، البتہ جہاں بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ کے 2 مقابلوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا وہیں فائنل میں بھی ایسی ہی صورتحال دکھائی دے رہی ہے اور اس بارے میں امکان کم ہے کہ ٹرافی کے ساتھ دونوں کپتان تصاویر بنوائیں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا آج رات 7 بجے پاکستانی وقت کے مطابق پریس کانفرنس کریں گے، قومی ٹیم پاکستانی وقت کے مطابق رات 7 سے 10 بجے تک دبئی میں واقع آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی میں فائنل سے پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔