آئی سی سی نے حارث رؤف اور سوریا کمار یادیو پر جرمانہ عائد کردیا

Published On 26 September,2025 06:17 pm

دبئی: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے حارث رؤف، صاحبزادہ فرحان اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی پیشی کا فیصلہ سنا دیا۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی نے قومی کرکٹر حارث رؤف پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔ جبکہ صاحبزادہ فرحان کو وارننگ دے دی گئی

دعویٰ کے مطابق بھارتی کپتان سوریاکمار یادو پر بھی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

واضح رہے بھارتی کپتان کی جانب سے متنازع بیان دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی میں شکایت درج کرائی جس پر آئی سی سی نے بھارتی کپتان کو طلب کیا تھا۔

کرکٹ میدان میں سیاسی بیان سوریا کمار کے گلے پڑگئے، ان کی سرزنش کرکے مستقبل میں محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی، میچ ریفری رچی رچرڈسن نے گزشتہ روز دبئی کے ہوٹل میں معاملے کی سماعت کی تھی، اور بھارتی کپتان کو آئندہ سیاسی بیان نہ دینے کی ہدایات کی تھیں۔

دوسری جانب جمعے کے روز بھارتی بورڈ کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان آئی سی سی میں پیش ہوئے تھے۔ 

ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں صاحبزادہ فرحان نے ففٹی اسکور کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بلے کو بناوٹی گن بنا کر فائر کرنے کا اشارہ کیا تھا جبکہ فاسٹ بولر حارث رؤف نے میچ کے دوران وکٹ لینے کے بعد اور باؤنڈر لائن کے قریب فیلڈنگ کرتے ہوئے بھارتی تماشائیوں کی ہوٹنگ کا جواب دیتے ہوئے طیارہ تباہ ہونے کا اشارہ کیا تھا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ اور فینز کو پاکستان سے میچ جیتنے کے باوجود حارث رؤف کا انداز ایک آنکھ نہ بھایا اور بھارت نے پاکستان کرکٹرز کے خلاف آئی سی سی میں شکایت درج کرائی تھی۔

بھارت کی جانب سے کی جانے والی شکایت پر آج حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان میچ ریفری رچی رچرڈسن کے سامنے پیش ہوئے، میچ ریفری رچی رچرڈسن نے حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان سے مختلف نوعیت کے سوالات کیے۔