دبئی: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے ٹیم کی پرفارمنس سے خوش ہوں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فیلڈنگ اور بولنگ میں ٹیم کی پرفارمنس اچھی رہی، 10سے 15رنز کم بنائے لیکن امید تھی جلد وکٹیں مل گئیں تو ہدف کا دفاع کر لیں گے۔
سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہر ہ کیا، فائنل میں بھارت کو ہرانے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے، فائنل میں ایک بار پھر روایتی حریف بھارت کیساتھ جوڑ پڑے گا۔
پاکستان کی جانب سے ملنے والے 136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کرکٹ ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بناسکی تھی، بنگلا دیش کی جانب سے شمیم حسین30رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے، سیف حسن نے 18 ، نورالحسن نے16، مہدی حسن نے 11، ذاکر علی نے 5، تنظیم حسن نے 10 اور تسکین احمد نے 4 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے تین، تین، صائم ایوب نے 2 جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔