دبئی: (دنیا نیوز) ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔
پاکستان نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، پاکستان کے 136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 124 رنز بنا سکی۔
بھارت پہلے ہی ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ چکا ہے، ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت اتوار کو فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے، 1984 سے اب تک ایشیا کپ کے 16 ایڈیشن کھیلے جاچکے ہیں اور کبھی بھی پاکستان اور بھارت ایک ساتھ فائنل میں نہیں پہنچے تھے۔
اب شائقین کرکٹ 28 ستمبر کو پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کو کھیلتا دیکھیں گے، بھارت سب سے زیادہ 8 بار ایشیا کپ جیت چکا ہے، سری لنکا نے 6 بار اور پاکستان نے 2 بار ٹرافی اٹھائی ہے۔